انٹرنیٹ کے فوائد
سائنس کے شاہکار انٹرنیٹ کی جب ہم بات کریں تو یہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ھے جس سے مستفید ہونے والا ایک ٹکٹ میں دو نہیں دو ہزار مزے کا محاورہ بولنے لگتا ہے۔ انٹرنیٹ کا استعمال آسان ہے اس لئے ہر بندہ برابری کی سطح پر اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہےخواہ بڑا ہو یا چھوٹا۔ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اس جال کے زریعے اب ہر کسی سے ہر جگہ آسانی سے رابطے میں رھا جا سکتا ہے۔ ہر چیز سے متعلق معلومات کے حصول میں صرف چند منٹ لگتے ہیں،انٹرنیٹ نہ صرف ہماری معلومات میں اضافہ کرتا ہے بلکہ ہمارا وقت بھی بچاتا ہے۔
وقت کی اہمیت سے متعلق آپ کو جو بھی قول اچھا لگتا ہو لیکن ایک بات سچ ہے کہ معاشرتی اقدار کے قائم رہنے کا دارومدار وقت پر منحصر ہے۔ رشتے نبھانے ہو یا کاروبار، سیکھنا سیکھانا ہو یا لینا دینا، سب دراصل وقت کے لین دین کا نام ہے۔اور یہ ہمارے روزانہ کرنے کے کام کے لئے کافی نہیں ہوتا۔ انٹرنیٹ بطورِ زندگی بچانے کے نمودار ہوا ہے۔اب وہ کام جو ہم کئی دن بعد کرنے کے قابل ہوتے،انٹرنیٹ کی مدد سے کئی دن پہلے کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ انٹرنیٹ کے ایک کنکشن میں چوبیس گھنٹوں جب دل چاہے دنیا بھر کے تازہ اخبار، کتب خانے، ڈاکخانے، تفریح گاہیں اور بازار سمٹ کر آپ کے میز پر موجود، ھاتھ کی جنبش کی محتاج اور ھاتھ ہلانے میں دیر ہی کتنی لگتی ہے۔
انٹرنیٹ بنائے رشتے مضبوط! رشتے ہر انسان کی زندگی میں بہت اہمیت رکھتے ہیں اور جب کوئی اپنا پیارا تعلیم، روزگار، یا کسی بھی وجہ سے ہم سے دُور چلا جاتا ہے تو دل اُس سے بات کرنے کو کان اُسے سُننے کو اور آنکھیں اُسے دیکھنے کو بےتاب رہتیں ہیں۔ انٹرنیٹ اپنے مخصوص طریقے سے تمام فاصلے سمیٹ کر ہمیں اپنے پیاروں کو دیکھنے، بات کرنے، اور دُکھ سکھ بانٹنے کیلئے اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔چیٹ روم، مسینجرسروسزز، ای میل، اور کانفرسنگ پروگرامز انٹرنیٹ پر کمیونیکیشن کے مقبول طریقے ہیں اور مزے کی بات یہ ہے کہ یہ طریقے بہت سستے ہیں۔
تعلیمی شعبے میں بھی انٹرنیٹ کا بہترین استعمال دیکھا جا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ جہاں اساتذہ کو دنیا اور ملک کے کونے کونے میں موجود اپنے شاگردوں سے کانفرسنگ اور گلوبوریٹنگ، آن لائن کورس بنا کر اپنے شاگردوں کو تحریری صوتی اور تصویری شکل میں بھیجنے اور اُن کی راہنمائی کرنے کیلئے مواد ریفر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، وھاں طلباء کو بھی گھر بیٹھے ڈگری حاصل کرنے کے قابل بناتا ھے۔ گھر پر انٹرنیٹ کے زریعے پڑھنے کے بھی کئی فائدے ہیں۔ نہ انتظار کی کوفت نہ لیکچر کو مِس کرنے کا ڈر طلباء انٹرنیٹ پر دُنیا بھر میں موجود بہترین درسگاہوں کے بارے میں جان سکتے ہیں اور اُن میں داخلہ لے سکتے ہیں؛ انٹرنیٹ پر موجود لاتعداد برقی کتب خانوں میں اپنے نصاب سے متعلق آرٹیکل اور مضامین پڑھ سکتے ہیں اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے لئے ایک فاعل کردار ادا کر سکتے ہیں۔
کیا کبھی آپ نے خود کو ایسے حالات کے مقابل پایا ہے جب آپ کے پاس باہر جا کر کچھ کرنے کا ٹائم نہیں ہوتا یا آپ کی طبیعت ٹھیک نہ ہو اور بہت ضروری خریداری کے لیے آپ کو گھر سے باہر جانا پڑے۔ اگر ھاں تو جناب اب انٹرنیٹ آپ کو اپنے آرام دہ کرسی پر بیٹھے بیٹھائے خریداری کے قابل بناتا ہے۔ اب بہت ساری سپرمارکیٹ اور سٹور، کپڑے، جوتے، جیولری، گروسری، تقریبا ہر چیز کی آن لائن خریداری اور گھنٹوں اور دنوں میں گھر کے دروازے پر ڈیلیوری کی سہولت آفر کرتے ہیں۔ آن لائن خریداری نہ صرف آپ کا وقت اور پیسہ بچاتی ہے بلکہ اشیاء کی کوالٹی بھی عام مارکیٹ میں ملنے والے اشیاء سے بہتر ہوتی ہے۔
ایک اور فائدہ جو انٹرنیٹ ہماری زندگی میں لایا ہے وہ یہ ھے کہ یہ ہر خاص و عام کو پوری دنیا کے سامنے اظہار خیال کی آذادی دیتا ہے۔ آپ فنکار ہوں یا گلوکار، مصّور ہوں یا فوٹو گرافر، لکھنے پڑھنے کے شوقیں ہوں یا سیاسی مقاصد رکھتے ہوں، بہترین ہمسفر کی تلاش میں ہوں یا کسی فلاحی کام کا مشن رکھتے ہوں، اپنا کلچر پروموٹ کرنا چاہتے ہوں یا کسی پروڈکٹ کی تشہیر چاہتے ہوں،آپ اپنا آئیڈیا اور نقطہ نظر ہر عام وخاص تک بلاگز ، سوشل ویب سائٹس اور مختلف فورم کا سہارے پورے دُنیا کے سامنے پہنچا سکتے ہیں کامیابی کی بہت ساری راہیں اب آپ کا راہ دیکھتی ہیں۔
تجارتی و مالیاتی اداروں کے لیے بھی انٹرنیٹ کے گوناگوں فوائد قابلِ ستائش ہیں۔ انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف کمپنیاں نہ صرف اپنے نمائندگان کے طور پر بہترین انتخاب تلاش لیتے ہیں بلکہ اس کے مقبولِ عام کمیونیکیشن چینل کے زریعے اپنے سٹاف اور کسٹمرز سے اعتماد کا مضبوط تعلق قائم کرنے میں کامیاب نظر آتے ہیں۔ تاجر برادری آنلائن مقامی اور عالمی مارکیٹ پر نظر رکھتے ہیں اپنی تازہ ترین معلومات کے تناظر میں خرید و فروخت اور خدمات فراھم کرتے ہیں۔ مالیاتی ادارے بھی اگر اپنے شراکت داروں کو آن لائن بینکنگ جیسی پائیدار اور محفوظ سہولت دیکر اُن کے دل جیت لیتے ہیں تو یہ بھی انٹرنیٹ کی وجہ سے۔ اگر ہم انہی قدموں پر چلتے جائیں تو انٹرنیٹ تحقیقاتی اور تفشیشی اداروں میں معاون، آن لائن ریزرویشن، انٹرنیٹ مارکیٹنگ اور ایک لمبی فہرست انٹرنیٹ کے فوائد کی ہمارے انتظار میں ہے۔ اس فہرست میں بترریج اضافہ ہو رھا ہے کیونکہ ہر گزرتا دن انٹرنیٹ کی افادیت کی ایک نئی جہت سے ہمیں روشناس کراتا ہے۔
انٹر نیٹ کو اگر ہم پانی سے تشبیہہ دیں تو غلط نہ ہو گا کیونکہ دونوں میں ایک قدر مشترک ہے کہ دونوں کو لوگ پیاس بجھانے کے لیے استعمال میں لاتے ہیں؛ ایک کو ذہن کی اور دوسرے کو جسم و روح کی۔ ھاں مگر صاف پانی پیاس بجھانے کے ساتھ صحت بھی بناتا ہے جبکہ آلودھا پانی سے پیاس تو بجھ جاتی ھے لیکن انسان بیمار ہو جاتا ہے۔ اسی طرح انٹر نیٹ کا غلط استعمال بھی ذہن اور روح کو روگ لگا سکتا ہے۔ ایسے میں آج کے دور میں انٹرنیٹ بےتحاشا خوبیوں والے چراغ کی جن کی سی جگہ رکھتا ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور ایک بےرنگ خیال بن جاتا ہے، مگر اس جن سے کام لیتے وقت احتیاط کی ضرورت ہے کہ یہ
جن آپکی اپنی جان کے درپے نہ ہو جائے!۔
عابد سلیم بقلمِ خود
No comments:
Post a Comment